• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمٰی صدیقی

قربانی کا گوشت تو یقیناً موجود ہوگا تو کیوں نہ اس ویک ایند پر باربی کیو پارٹی ہو جائے ،بنا ئیں کیا کیا اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیشہ کی طر ح اس مرتبہ بھی ہم آپ کی مدد کے لیے حاضر ہیں ،ذیل میں باربی کیو پارٹی کے لیے تراکیب موجود ہیں، انہیں آزما کر پارٹی کا مزہ دوبالا کریں۔

…بیف تکہ بوٹی…

اجزاء: گائے کا گوشت آدھا کلو، کچا پپیتا (پسا ہوا) دو چائے کے چمچے، ادرک، لہسن کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچہ، نمک حسبِ ضرورت، دہی دو کھانے کے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، ہری مرچ ایک چائے کا چمچہ (کٹی ہوئی)

ترکیب: ایک پیالے میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح یک جا کرلیں۔ اب گوشت کو پانچ سے چھ گھنٹوں کے لیے میرینیٹ کرلیں، پھر اس کو سیخوں پر لگا ئیں۔ کوئلوں پر باربی کیو کریں یا ہلکی آنچ پر گرل کرلیں۔ پودینے کی چٹنی، چاولوں یا سلاد کے ساتھ گرم گرم تکہ پیش کریں۔

…بیف بہاری باربی کیو…

اجزاء: بیف آدھا کلو(پتلے پارچے)، دہی ایک پاؤ، پیاز ایک عدد درمیانی تلی ہوئی، لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کےچمچے، بھنا ہوا سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ حسب ذائقہ، پسا ہوا گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ، ہلدی آدھا چائےکا چمچہ، بیسن چار کھانے کے چمچے (بھون لیں)، مسٹرڈ آئل چار کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔

سجاوٹ کے لیے: سلاد کے پتے، کھیرا اور ٹماٹر دو سے تین عدد

ترکیب:۔ ایک پیالے میں گوشت کے پارچے اورتمام مسالے ڈال کریک جا کر لیں۔اور تین سے چار گھنٹے رکھ دیں۔ اب ان پارچوں کو سیخوں پر لگا کر گرم کوئلوں پر سینک لیں۔ اگر آپ چاہیں تو اس کو بیک یا فرائی بھی کر سکتی ہیں۔ سلاد کے پتے، ٹماٹر اور کھیرا کاٹ کرسجا دیں۔

…باربی کیو بیف چلی…

اجزاء: گائے کا گوشت آدھا کلو ، سفید سرکہ دو کھانے کے چمچے، سویا سوس دو کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ، چینی ایک چائے کا چمچہ، کارن فلور ایک کھانے کا چمچہ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچہ، باربی کیو ساس دوکھانے کے چمچے، ہری مرچ دس عدد (لمبی باریک کٹی ہوئی)، تیل. حسبِ ضرورت

ترکیب: گوشت کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں بنا کر اچھی طرح دھو لیں۔ اس میں ایک کھانے کا چمچہ سفید سرکہ، سویا سوس، نمک، چینی، کارن فلور، کالی مرچ اور باربی کیوسو ساس ملا کر دس سے پندرہ منٹ رکھ دیں۔ اب فرائنگ پین میں ذرا سا تیل ڈال کرچکنا کرلیں۔ 

مسالہ لگی بوٹیاں دھیمی آنچ پر اتنی دیر رکھیں کہ پانی خشک ہوجائے، پھر گرل پین گرم کرکے اس پر بھی تھوڑا ساتیل لگا کر خشک کی ہوئی بوٹیاں پھیلا دیں اور دھیمی آنچ پر سینک لیں۔ جب دونوں طرف سے اچھی طرح سِک جائیں تو انہیں ڈش میں نکال لیں۔گرم گرم نان کے ساتھ کھائیں۔

…سیخ کباب…

اجزاء: گائے کاقیمہ ایک کلو، انڈے دو عدد، سونف پسی ہوئی ایک چائے کا چمچہ، لال مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ذائقہ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچہ، دار چینی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچہ، زیرہ پائوڈر ایک چائے کا چمچہ، پیاز ایک عدد، سوکھا پودینہ ایک کھانے کا چمچہ، مکھن دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: قیمے میں تمام مسالے ڈال کر پیس لیں۔ اس میں کٹی پیاز، انڈے اور دو کھانے کے چمچے مکھن ڈال کریک جا کریں۔ انہیں سیخوں میں لگاکر کوئلوں پر سینک لیں۔ چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔