لاہور، کراچی (نیوز ایجنسیاں، ٹی وی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ عوامی فیصلے کے سامنے سر جھکانا اور کمزوریوں کی نشاندہی ہونی چاہئے،جبکہ لیگی رہنما سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمارا اصل مقابلہ پی ٹی آئی سے نہیں مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں سے تھا، 20سیٹیں تحریک انصاف کی تھیں جس میں 4ہم نے ان سے چھین لیں، ریاستی اداروں نے الیکشن میں مداخلت نہیں کی، اتحادیوں جماعتوں کےسربراہوں سے ملکر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان کہنا ہے کہ انتخابی نتائج بتا رہے ہیں عوام نے پی ٹی آئی بیانیہ قبول کیا، انہیں کیوں ووٹ ملے اس کا جائزہ لینا ہوگا، بات عام انتخابات کی طرف جاتی ہے تو فیصلہ پارٹی قیادت کریگی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج پر بیان سامنے آگیا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میںمریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے، سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، دل بڑا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں جہاں کمزوریاں ہیں ان کی نشاندہی کرکے انھیں دور کرنےکیلئے محنت کرنی چاہیے، انشاءاللّہ خیر ہوگی۔مسلم لیگ (ن) کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنے چاہئیں۔ دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنما و وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں نے الیکشن میں کوئی مداخلت نہیں کی، 20سیٹیں تحریک انصاف کی تھیں ہم نے ان سے 4چھین لیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کے ساتھ ملکر آئندہ کے لائحہ کی حکمت عملی اور آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کرینگے، عمران خان کو نکلنا ضروری تھا،ہمارا اصل مقابلہ مہنگائی اور پٹرول کی قیمتوں سے تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عطا تارڑ اور دیگر مسلم لیگی رہنمائوں کے کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ مشکل فیصلوں کا بوجھ نہ اٹھاتے تو ہمارے لیے کیا راستہ تھا، ہم نے ملک ڈیفالٹ سے بچایا، عمران خان کی حکومت ہوتی ملک ملک ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں ڈٹ کر کھڑے ہیں،عمران خان سول ڈکٹیٹر تھے ہم نے ان کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کرینگے ۔دریں اثناء مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب ملک احمد خان نے کہا ہے کہ شکست قبول اور کھلے دل سے تحریک انصاف کو مبارک باد دیتے ہیں۔ انتخابی نتائج بتا رہے ہیں عوام نےپی ٹی آئی کا بیانیہ قبول کیا، لوگوں نے انہیں کیوں ووٹ دیئے اس کا جائزہ لینا ہوگا، بات عام انتخابات کی طرف جاتی ہے تو فیصلہ پارٹی قیادت کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہم تسلیم کرتے ہیں عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے، ہم اپنی شکست کو قبول کرتے ہیں۔