• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقراء یونیورسٹی میں 2 ماہر تعلیم عارفہ سیدہ زہرا، زبیر موتی والا شامل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اقراء یونیورسٹی میں 2ماہر تعلیم عارفہ سیدہ زہرا اور زبیر موتی والا کو شامل کرلیا گیا ، اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و مستقبل کو لیکر سنجیدہ ہیں ، ٹیچنگ اسٹاف کو مزید بہتر بنائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اقراء یونیورسٹی کے مین کیمپس میں 2؍ نئے پروفیسرز کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقراء یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی نے تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ایک معاشرے میں رہنے والے افراد کو باشعور بناتی ہے اور اس سال اقراء یونیورسٹی میں طلباء کی تعداد میں اضافہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ نوجوان اب اپنی تعلیم اور مستقبل کو لے کر سنجیدہ ہیں، اس ہی سلسلے میں اقراء یونیورسٹی نے نوجوانوں کو مزید بہتر اور اعلیٰ تعلیم فراہم کرنے کیلئے اپنے ٹیچنگ اسٹاف میں دو ماہر تعلیم عارفہ سیدہ زہرا اور اور محمد زبیر موتی والا کوشامل کیا ہے ۔ ڈاکٹر قاضی نے کہا کہ عارفہ سیدہ زہرا نے ایک ایسا مثالی معاشرہ بنانے کے کوششوں میں بھرپور حصہ لیا ہے جو انسانی حقوق، صنفی مساوات اور آزادی فکر کی قدر کرتا ہے اور اس پر عمل بھی کرتا ہے۔ ڈاکٹر وسیم قاضی نے زبیر موتی والا کو اقرا یونیورسٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ زبیر موتی والا ملک کا اثاثہ ہیں، اور اقراء یونیورسٹی میں ان کی موجودگی مجموعی طور پر کمیونٹی کی بہتر بھلائی کیلئے تعلیم، علم اور ہنر کو درست سمت میں آگے بڑھائے گی۔ اس موقع پر زبیر موتی والا نے کہا کہ’ میں اقراء یونیورسٹی کے چانسلر اور وائس چانسلر کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے یہ موقع دیا، یہ میرے لیے بڑے اعزا زکی بات ہے کہ مجھے اقراء یونیورسٹی سے منسلک ہونے کا موقع ملا ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید