• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمٰی صدیقی

کچھ پکوان ایسے ہوتے ہیں جن کو بچّے ،بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔کباب کا شمار بھی انہیں میں ہوتا ہے ۔اس ہفتے ہم آپ کو مختلف کباب کی تراکیب بتارہے ہیں، آپ انہیں بنا کر فریز بھی کرسکتی ہیں۔

……چپلی کباب ……

اجزا: قیمہ ایک کلو (باریک پسا ہوا)، مکئی کا آٹا ایک پائو، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،ہری مرچ چار عدد سوکھا دھنیا دو چائے کے چمچے (بھون کرموٹا پیس لیں)، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچہ (پسا اور بھنا ہو ا)، ٹماٹر چار عدد ،پیاز ایک عدد ،تیل تلنے کے لیے ،انڈے چار عدد ،ہرا دھنیا، پودینا حسبِ ضرورت، انار دانہ دو کھانے کے چمچے (موٹا پیس لیں)۔

ترکیب: ٹماٹر ،ہری مرچ ،دھنیا اور پودینا باریک کاٹ لیں۔ مسالہ موٹا موٹا پیس کر سفید زیرے کے ساتھ قیمے میں ملالیں، ساتھ ہی مکئی کا آٹا اور انڈے پھینٹ کرشامل کردیں۔ اب درمیانے سائز کے کباب بنالیں۔ فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے کباب سنہری تل لیں ۔ چپلی کباب تیار ہے ۔چپاتی سے کھائیں۔

……شامی کباب ……

اجزا: گائے کا گوشت بغیر ہڈی کا ایک کلو ،چنے کی دال ایک پائو ،لہسن 8 جوئے، ثابت لال مرچ 20 سے 25 عدد، گرم مسالہ پسا ہوا ایک چائے کا چمچہ، انڈے 2 عدد، پیاز درمیانی سائز کی 2 عدد (کٹی ہوئی)نمک ،ہرا دھنیا اور ہری مرچ حسبِ ضرورت ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: پہلے گوشت اور دال دھو کر دیگچی میں ڈالیں۔ اس میں لہسن ،نمک، ثابت مرچ اور گرم مسالہ ڈال کر اتنا پانی شامل کریں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے اور پانی بالکل خشک ہوجائے۔ بعدازاں اس مسالے کو مشین میں یاسل پر پیس لیں۔ اب اس میں انڈے شامل کرلیں ساتھ ہی ہرا دھنیا، ہری مرچیں اور پیاز باریک کاٹ کر اچھی طرح یک جا کرلیں۔ اب اس کے کباب بناکر گرم تیل میں تل لیں ۔مزیدار شامی کباب تیار ہے۔ نان یا پراٹھے کے ساتھ پیش کریں۔

……گولا کباب ……

اجزا: قیمہ ایک کلو ، پسی ہوئی کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، کچا پپیتا ایک کھانے کا چمچہ ،ادرک لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچہ ،پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچہ ،نمک حسب ِذائقہ، ہری مرچیں تین عدد، پسا ہوا ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچے، ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچہ ،پیاز درمیانے سائز کی ایک عدد، گھی دو کھانے کے چمچے، جائفل ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ، جاوتری ایک چوتھائی چائے کا چمچہ ،ثابت زیرہ آدھا چائے کا چمچہ ،کالا زیرہ آدھا چائے کا چمچہ۔

ترکیب: پہلے قیمہ کو چوپر میں کچا پپیتا، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، نمک، کالا زیرہ و سفید زیرہ، ثابت دھنیا، کالی مرچ، ہری مرچ، پیاز، گھی، جائفل، جاوتری اور ہری الائچی ڈال کر اچھی طرح چوپ کرلیں، یہاں تک کہ وہ اچھی طرح مکس ہو جائے۔ اب قیمے کو ایک گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں، پھراس کی بالز بنا کر سیخوں پر لگاتے جائیں۔ انگلیوں سے مکسچر کو اچھی طرح دبا دیں۔ اب کباب کوئلے پر سینک لیں۔ تیار کبابوں کو سلاد اور پودینے کی چٹنی کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کریں۔ آپ گولا کبابوں کو فرائی یا بیک بھی کر سکتی ہیں۔