• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکیم حارث نسیم سوہدروی

پھلوں میں سب سے زیادہ صحت و توانائی بخش پھل سیب ہے،جس کا ذکر قدیم ترین طبّی اور مذہبی کتب میں بھی ملتا ہے۔ یہ ایک خوش ذائقہ، خوش رنگ اور خوش شکل پھل ہے، جس کی باقاعدہ طور پر پندرہ سو اقسام دریافت کی جا چُکی ہیں۔صرف کشمیر ہی میں تقریباً ایک سو اقسام کے سیب دستیاب ہیں، جو حجم، ذائقے اور رنگ و خوش بُو کے اعتبار سے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ سیب کا نصف حصّہ ٹھوس ہوتا ہے، جس میں لحمیات (پروٹینز)اور شکریلے اجزاء زائد مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ 

یہ غذائیت کے اعتبار سے ایک بہترین پھل ہے، جسے بچّے، بوڑھے، نوجوان، بیمار اور تن درست سب ہی رغبت سے کھاتے ہیں۔ تازہ سیب میں 84فی صد پانی پایا جاتا ہے، تو فاسفورس کی مقدار بھی دیگر پھلوں اور سبزیوں سے زائد ہوتی ہے۔ سیب کے استعمال سے صاف خون پیدا ہوتا ہے، چہرے کا رنگ خوش نُما، جِلد ملائم اور رخسار سُرخ ہو جاتے ہیں۔ روزانہ نہار منہ ایک سیب کھانا صحت کے لیے بےحد مفید ثابت ہوتا ہے۔ 

یہ معدے میں پہنچ کر Pepsinنامی ایک اینزائم فعال کرتا ہے،جس سے ہاضمے میں مدد ملتی ہے، بھوک بڑھتی ہے اور جگر کی کارکردگی بھی بہتر ہوجاتی ہے۔ یہ فاسفورس کے حصول کا قدرتی خزانہ ہے، اس لیے اینیمیا کے مریضوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ امراضِ قلب کے علاج کے ضمن میں اس کو خاص اہمیت حاصل ہے کہ عارضۂ قلب کی ایک مشہور دوا میں اس کے رَس کو اہم اور لازمی جزو سمجھا جاتا ہے۔

گُردوں کی صفائی کے لیے بھی اس کے فوائد تسلیم شدہ ہیں، تو دماغی کام کرنے والوں کے لیے بھی یہ ایک غذائی ٹانک کا درجہ رکھتا ہے، کیوں کہ سیب کے استعمال سے دماغ کو طاقت ملتی ہے اور قوّتِ حافظہ میںاضافہ ہوتا ہے۔دیکھا گیا ہے کہ اکثر افراد اس کا چھلکا اُتار کر استعمال کرتے ہیں، حالاں کہ اس کے چھلکے میں وٹامن سی بکثرت پایا جاتا ہے۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ سیب کے چھلکوں سے نہایت خوش ذائقہ اور لذیذ چائے بھی تیار کی جاتی ہے،جو صحت اور توانائی بخشتی ہے۔ اگر اس چائے میں لیموں کا رَس اور شہد بھی شامل کر لیا جائے تو اس کے فوائد کئی گُنا بڑھ جاتے ہیں۔ نیز، پیچش اور تپ محرقہ(ٹائی فائیڈ) کی کم زوری دُور کرنے کے لیے بھی یہ اکسیر ہے۔ جب کہ سیب کے چھلکوں کی طرح اس کے رَس، مربّے اور شربت کی افادیت بھی مسلمہ ہے۔ بَھرپور فائدے کے لیے درج ذیل تراکیب سے استفادہ کریں۔

٭سیب کا مربّا: چند بڑے سیب لے کر اُن کے بیج نکال کر چھیل کے چار ٹکڑے کرلیں۔ اب ایک پتیلی میں سیب اور حسبِ ضرورت پانی ڈال کر پکنے دیں۔ جب سیب کے ٹکڑے نرم پڑ جائیں، تو چینی ڈال کر تھوڑی دیر پکنے دیں۔قوام پکنے پر اُتار کر محفوظ کرلیں۔ اسے روز صُبح بطور ناشتا، چاندی کے ورق میں لپیٹ کر کھانا مقوّیٔ قلب و دماغ ہے۔

٭سیب کا رَس: اگرسیب کے رَس میں سیاہ مرچ، سفید زیرہ اور نمک ملا کر پیئں، تو معدہ طاقت وَر اور بھوک میں اضافہ ہوتا ہے۔ اکثر افراد بے خوابی کی شکایت کرتے ہیں، تو اگر ہر روز صُبح 3ماشے بہی دانہ(Quince seeds) پوٹلی میں باندھ کر سیب کے رَس میں جوش دے کر ٹھنڈا کرلیں اور چند دِن تک یہ رَس پیئں، تو بے خوابی کے مرض سے نجات مل جائے گی ۔

٭سیب کا شربت : پانچ کلو سیب کا رَس نکال کے ایک پتیلی میں ڈال دیں اور درمیانی آنچ پر پکنے دیں۔ جب رَس آدھا رہ جائے، تو اس میں ایک سیر مصری ڈال دیں۔قوام پکنے پر ٹھنڈا کرکے محفوظ کرلیں۔ یہ شربت دو سے چار تولے تک پی سکتے ہیں۔ یہ شربت دِل، دماغ اور معدے کو طاقت بخشتا ہے۔ قے، متلی اور دستوں کے علاج کے لیے مفید ہے اور پیاس بُجھاتا ہے۔