اسلام آباد (جنگ رپورٹر)صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے اکثریتی فیصلے کیساتھ کھڑے ہیں،سنیارٹی کے اصول کو نظر انداز کرنا عدالتی نظام کی سا لمیت کو مسلسل نقصان پہنچا رہا ہے.
ملک بھر کے وکلاء کی اعلیٰ قیادت نے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں کمیشن کے اکثریتی اراکین کی جانب سے سپریم کورٹ میں تقرریوں کے لیے چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی جانب سے کی گئی تمام نامزدگیوں کو نامنظور کرنے کے موقف کو خراج تحسین پیش کیا ہے.
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون نے پاکستان بار کونسل اور دیگر تمام وفاقی اور صوبائی بار کونسلز/ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق مسعود، ، وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی اور پاکستان بار کونسل کے نمائندہ اختر حسین ایڈوکیٹ کی جانب سے کمیشن کے اجلاس میں اختیار کئے گئے موقف کو خراج تحسین پیش کیا ہے .
وکلاء رہنمائوں نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر قانون، اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق اجلاس کے دوران سنیارٹی کے اصول کو ترجیح دی ہے ۔