• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی ناکامیوں کا سفر رک نہ سکا، ہاکی، کرکٹ ٹیموں کو شکست

بر منگھم ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز میں اتوار کوپاکستان کو اتوار کو ہاکی، کرکٹ اور اسکواش میں شکست کا سامنا رہا، ہاکی میں نیوزی لینڈ، خواتین کرکٹ ٹیم کو بھارت نے زیر کیا۔ جبکہ اسکواش ایونٹ میں میڈلز کی توقعات کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پری کوارٹر فائنل میں ناصر اقبال شکست کھاگئے۔ انہیں انگلینڈ کے جیمز ول اسٹروپ نے3-0سے شکست دی۔ پاکستانی ہاکی ٹیم چانس ضائع کرنے کی اپنی پرانی عادت کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا دوسرا میچ 4-1 سے ہارگئی، اس میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے حملے بھی کئے، گیند پر کنٹرول کا اچھا مظاہرہ بھی کیا، تاہم کم ازکم چار گول کے مواقع ضائع کئے جس میں دو اوپن گول بھی شامل تھے، پاکستان کے گول کیپر اکمل نے تین یقینی گول روک کر شکست کے مارجن کو بڑھنے نہیں دیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے 17ویں اور 18ویں منٹ میں لگاتار دو گول انگلس نے 43ویں منٹ میں تھامس نے گول بناکر ایک اور گول کی سبقت دلادی، کھیل کے آخری منٹ میں لین نے گول اسکور کیا۔جبکہ پاکستان کا واحد فیلڈ گول غضنفر علی نے بنایا۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ 3اگست کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ ادھر خواتین کر کٹ ٹیم مسلسل اپنا دوسرا میچ ہار گئی ۔ اس ناکامی کے بعد پاکستان کی لاسٹ فور میں رسائی خطرے میں نظر آرہی ہے۔ اسے روایتی حریف بھارت نے 8وکٹ سے زیر کیا۔ بارش کے سبب میچ 18- 18 تک محدود کردیا گیا تھا، پاکستان ٹیم99 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ منیبہ علی نے سب سے زیادہ32رنز بنائے۔ عالیہ ریاض اور بسمعہ معروف نے18اور17رنز اسکور کئے۔ بھارت کی جانب سے یادیو رادھا اور سنی رائنا نے18اور17رنز کے عوض دو، دو وکٹ لئے۔ بھارت نے دو وکٹ پر102رنز بناکر میچ جیت لیا۔ سمرتی مندھانا نے 63رنز بناکر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی طوبیٰ حسن اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ لی۔ میچ کے بعد پاکستانی کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ ہارنے کا افسوس ہے، اگلے میچ میں اچھی کار کردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، بھارت کی ٹیم تجربے کار اور مضبوط ٹیم ہے، ہماری کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے، امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف تین اگست کو ہم بہتر کھیل پیش کریں گے ایونٹ میں خود کو برقرار رکھنے کے لئے آل آئوٹ جائیں گے ۔دریں اثنا بیڈمنٹن میں ماہور شہزاد نے مکسڈ ڈبلز کے میچ میں اپنا انفرادی مقابلہ سری لنکا کی وجے سوہانی وردا کے خلاف جیت لیا، بسمہ خان نے سوئمنگ ایونٹ کے اپنے قومی ریکارڈ کو بہتر بنایا، مگر گیمز میں وہ بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کرسکیں، سوئمنگ میں حسیب بھی سفر کو جاری نہ رکھ سکے۔
اسپورٹس سے مزید