کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“میں میزبان سلیم صافی نے اپنے تجزیہ میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے سچ سامنے رکھ دیا، عمران خان پھر بھی جھوٹ بولنے پر مصر ہیں تو کس بنیاد پر وہ صادق اور امین برقرار رہ جاتے ہیں۔
امریکی سازش کی تھیوری لغو قرار دینے کے باوجود وہ اس جھوٹ کا اعادہ کرتے ہیں۔پروگرام کے آغاز میں میزبان سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کس نے اس رستے پر لگایاکس نے سیاسی میدان میں ان کی پرورش کی کس نے وزیراعظم بنوایا ان سب کوایک طرف رکھ کر بہرحال ان دنوں عمران خان پاکستانی سیاست کے اہم ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔
حکمران بننے کے بعد ان کی مقبولیت کا گراف زمین پر آگیا تھالیکن اب اقتدار سے نکلنے کے بعد انہوں نے بیرونی سازش کا ایک پاپولر بیانیہ اپنا لیا اور میڈیا پر کنٹرول اور اس کے بھرپور استعمال کی مہارت کی وجہ سے پی ٹی آئی بڑی حد تک اس بیانئے پر لوگوں کو قائل کرنے میں سر دست کامیاب رہی ہے۔
عمران خان نہ صرف کرکٹ کے مقبول کھلاڑی تھے بلکہ ان کے دور میں پاکستان نے ورلڈ کپ جیتا۔ایک ہوشیار ترین انسان ہونے کے ناتے انہو ں نے کمال مہارت سے پوری ٹیم کی جیت کو صرف اپنے نام کیاجس کی وجہ سے وہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر شہرت کی بلندیوں کو چھونے لگے۔
ان کی برطانوی کھرب پتی گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما خان سے شادی ہوگئی اور کچھ عرصہ بعد انہوں نے سیاست میں آنے کا اچانک اور پراسرار فیصلہ کیا۔ جب انہوں نے پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا تو پارٹی اور دستور وغیرہ بنانے میں جنرل ریٹائرڈ حمید گل ،محمد علی درانی اور ڈاکٹر فاروق خان جیسے لوگوں نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔
انہوں نے کرپشن کے خلاف اور احتساب کے حق میں آواز اٹھائی۔ ان دنوں جب عمران خان برطانیہ کا دورہ کرکے گولڈ اسمتھ سے ملنے کے بعد واپس آئے تو انہوں نے جنرل حمید گل کو خود سے دور کردیا۔