گلگت(این این آئی)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے گلگت میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد کیلئے محکمہ داخلہ کو فوری نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے اس حوالے سے بتایا کہ ایپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ شرپسندوں کو فوری طور پر پکڑا جائے گا اور انصاف کیا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے کا امن ہم سب کیلئے عزیز ہے،گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ واضح رہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے دو ہنگامی اجلاسوں میں گلگت واقعہ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ہیں،جس میں شہر کے اندر سنیپ چیکنگ کو بڑھانے اور سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔گلگت شہر میں ہفتہ کے دو الگ الگ واقعات میں دو افراد مارے گئے اور17زخمی ہوگئے تھے ۔اس واقعے میں ملوث 45 شرپسندوں کو حراست میں لیکر تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔