• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ نیدرلینڈز، ایشیا کپ T-20، ڈھیروں رنز شان کی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کیلئے ناکافی، حسن ڈراپ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی سلیکٹرز نے دورہ نیدرلینڈز اور اے سی سی ٹی 20ایشیا کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، ان فارم اوپنر شان مسعود کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔ فاسٹ بولر حسن علی کو خراب بولنگ فارم لے بیٹھی، ان کی جگہ نسیم شاہ کو مل گئی جبکہ فہیم اشرف، سعود شکیل اور سرفراز احمد ڈراپ ہوگئے ۔ حیران کن طور پر تین کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی کا کوئی کھلاڑی ٹیم کا حصہ نہیں۔ انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے547اورپی ایس ایل میں478رنز بنانے والے بائیں ہاتھ کے شان مسعود کو مسلسل باہر رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے انگلش سیزن میں ڈاربی شائر کائونٹی کیلئے تین سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے1074رنز بنائے تھے۔ حسن علی ایک سال میں 9ٹی ٹوئنٹی میچوں میں8 اور پی ایس ایل کے9میچوں میں اسلام آباد کے لئے9وکٹ حاصل کئے۔ سلمان علی آغا کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی دونوں اسکواڈز میں شامل ہیں تاہم نیدرلینڈز میں ری ہیب کا جائزہ لینے کے بعد ان کی فائنل الیون میں شمولیت کا فیصلہ کیا جائیگا۔ عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد حارث، سلمان علی آغا اور زاہد محمود نیدرلینڈز میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس آجائیں گے جبکہ آصف علی، حیدر علی، افتخار احمد اور عثمان قادر متحدہ عرب امارات میں قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ ایشیا کپ کیلئے 15 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ون ڈے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود ۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔ سپورٹ اسٹاف:منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، شان ٹیٹ (بولنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)،ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ) کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، کرنل (ر) آصف محمود (ٹیم سیکیورٹی منیجر برائے دورہ نیدرلینڈز)، کرنل (ر)محمد عمران (ٹیم سیکیورٹی منیجر برائے اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ)، طلحہ اعجاز (ٹیم اینالسٹ)، ملنگ علی (ٹیم مساجر) اور ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو (ٹیم ڈاکٹر) پر مشتمل ہوگا۔
اسپورٹس سے مزید