• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی کی مرکزی جنرل کونسل اجلاس 20 ، 21 اگست کو پشاور میں طلب

پشاور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام نے مرکزی جنرل کونسل کا دو روزہ اجلاس 20 اور 21 اگست کو پشاور میں طلب کرلیا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور قبائل سے اراکین جنرل کونسل شرکت کرینگے، اس سلسلے میں جے یوآئی کی صوبائی مجلس عاملہ کا اجلاس صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن کی صدارت میں مفتی محمود مرکز پشاورمیں ہوا اجلاس میں مولانا عطاء الحق درویش، سید ہدایت اللہ شاہ قاری گل عظیم اور دیگر نے شرکت کی، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش نے اجلاس کو بتایا کہ مرکزی جماعت کے فیصلے کے مطابق جنرل کونسل کا اجلاس اس بار مفتی محمود مرکز پشاورمیں میں ہوگا جس میں چاروں صوبوں آزاد کشمیر گلگت بلتستان وقبائل سے 1000 سے زائد ارکان جنرل کونسل شرکت کرینگے، اجلاس میں ارکان جنرل کونسل کے قیام وطعام اور اجلاس کے انعقاد کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مولانا امان اللہ حقانی عبدالجلیل جان آصف اقبال داوزئی اور مولانا احمد علی درویش پر مشتمل انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد کی جائے اور مکانات کی تعمیر کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے جائیں، اجلاس میں مرکزی وزراء کے متاثرہ علاقوں کے دوروں اور موقع پر ضروری اقدامات کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا۔
پشاور سے مزید