پشاور (خصوصی نامہ نگار) زرعی یونیورسٹی پشاور میں شجرکاری مہم کا آغاز ہوگیا، شعبہ ہارٹیکلچر کے زیر نگرانی شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت تھےجنہوں نے جکرینڈا پودا لگاکر مہم کا آغاز کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت نے کہا کہ ہر سال زرعی یونیورسٹی پشاور میں دو دفعہ شجرکاری مہم میں میں ہزاروں پودے لگائے جاتے ہیں جو ایک بہترین روایت ہے آئندہ بھی اس روایت کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈینز، شعبہ جات کے سربراہان ، اساتذہ، انتظامیہ اور طلبہ وطالبات اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، پودے لگاکر ان کا خاص خیال رکھا جائے، عوام زیادہ سے زیادہ پودے لگاکر اس مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ ملک موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرسکے اور ماحول کو آلودگی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی شجرکاری مہم میں دلچسپی کی بھی تعریف کی۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید وہاب ، ڈین فیکلٹی آف رورل سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حمایت اللہ خان ، ڈین فیکلٹی آف اینمل ہسبینڈری اینڈ وٹرنری سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان ، ڈین فیکلٹی آف نیوٹریشن سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب، رجسٹرار نورالہادی، شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسران، شعبہ ہارٹیکلچر کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبدالمتین ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، ڈاکٹر مسعود احمد اور فضل واحد شجرنے بھی پودے لگائے۔