کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان شعیب ملک مستقبل کے ایونٹس میں کپتان بابر اعظم ، چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کے پلانز میں نظر نہیں آرہے ۔ 40سالہ شعیب ملک کا انٹر نیشنل کیریئر ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے، امکان ہے اکثر پاکستانی کرکٹرز کی طرح وہ بھی خاموشی سے منظر سے غائب ہوجائیں گے۔ نیدر لینڈ کی ون ڈے سیریز اور ایشیا کپ میں ٹیم انتظامیہ نے انہیں ڈراپ کرکے اشارہ دیا ہے کہ اب وہ نئے کھلاڑیوں کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ شعیب ملک کی جگہ پر کرنے کے لئے سلمان علی آغا کو موقع دیا گیا ہے۔ شعیب ملک سے گذشتہ دنوں قومی ٹیم میں واپسی پر سوا ل کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس وقت فوکس کشمیر لیگ ہے۔وہ اس وقت سپر فٹ اور دنیا بھر کی لیگز میں شریک ہیں۔ اس ماہ کشمیر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ انہوں نے 35ٹیسٹ،287 ون ڈے انٹر نیشنل اور124ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلے ہیں ۔ انہوں نے آخری بارنومبر میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اب ٹی وی پروگراموں میں بھی قسمت آزمارہے ہیں۔ ادھر سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان کو شعیب ملک کا متبادل نہیں ملا ، انہیں ڈراپ کرنا حیران کن ہے۔ شعیب ملک اور شان مسعود کو نظر انداز کیا گیا ہے،چوتھے نمبر پر ملک بالکل فٹ بیٹھتے ہیں۔