کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے سائبر کرائم کے حوالے سے دو نہایت اہم نوٹیفکیشن جاری کیے گئے جن کے مطابق ادارے میں تعینات این آر تھری سی کے فیز IIIکے تمام گریڈ ون سے گریڈ 18کے افسران کے کنٹریکٹ کی معیاد ختم ہونے پر دوسری مرتبہ دو ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔ دو ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دو سب انسپکٹرز کی مدت ملازمت میں توسیع سے انکار کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف اے محسن بٹ نے نوٹیفکیشن میں تحریر کیا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر 2018ء میں سائبر کرائم این آر تھری سی فیز IIIکا آغاز کیا گیا اور 36ماہ کی بھرتیاں کی گئیں۔اس مقررہ مدت کے لیے تقریباً سوا ارب روپے کے فنڈ مختص کئے گئے جو، اب ختم ہوچکے ہیں اور بھرتی شدہ افسران اور ملازمین کو ملک بھر کے سرکلز میں تعینات کردیا گیا۔ ان بھرتی شدہ ملازمین کے کنٹریکٹ کی میعاد 19اپریل 2022ء کو پوری ہوگئی جس کے بعد 30؍جون 2022ء تک دو ماہ کی توسیع کردی گئی۔ اب ایک مرتبہ پھر ان میں 31اگست 2022ء تک توسیع کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے ساتھ جو فہرست منسلک کی گئی ہے اس میں گریڈ 18سے گریڈ 16کے 90افسران کے نام شامل ہیں جس میں 3ڈپٹی ڈائریکٹرز، 68اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور آفس سپرنٹنڈنٹ اور 19انسپکٹرز شامل ہیں۔ دو ڈپٹی ڈائریکٹر سلیمان خان اور کلیم اللہ کے کنٹریکٹ میں توسیع کرنے سے انکار کردیا گیا ہے۔