بر منگھم ( نمائندہ خصوصی) کامن ویلتھ گیمز میں خواتین کر کٹ کے ٹی ٹوئنٹی سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد چار رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی، بھارت نے پانچ وکٹ پر164 رنز بنائے ، اوپنر سمرتی مندھانا کے61رنز نمایاں تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر160رنز بناسکی۔ کامن ویلتھ گیمز میں خواتین ہاکی کا فائنل اتوار کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ بیڈ منٹن میں بھارت کی پی وی سندھو نے ملائیشین کھلاڑی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ ایک اورکوارٹر فائنل میں بھارتی کھلاڑی کش آکاراشی کو اسکاٹ لینڈ کی کرسٹی گلمور نے ہرایا، نیٹ بال میں جمیکا نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں قدم رکھ لیا۔ ٹیبل ٹینس کے مکسڈ ڈبلز میں بھارتی جوڑی سری جا اور کمال نے آسٹریلین ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کے اولیور ہورے نے1500میٹرز کی ریس جیت لی۔ ملائیشیا کی 16 سالہ جمناسٹ جوئے ای نگ نےبال اور ربن ٹائٹل جیت کر ردھمک جمناسٹک میں ڈبل گولڈ میڈل جیت لیا۔گیمز میں ہفتے کو آسٹریلین کھلاڑیوں نے اپنے میڈلز کی تعداد146 تک پہنچادی جس میں55 گولڈ، 45 سلور اور 46 برانز میڈلز شامل ہیں۔ بھارت تمغوں کی دوڑ میں ا چھٹی سے پانچویں پوزیشن پر آگیا، انگلینڈ دوسرے، کینیڈا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔