برمنگھم ( نمائندہ خصوصی) پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگ فرائیڈ ایکمین نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اگر پاکستانی حکومت اور نجی شعبہ حمایت کرے تو پاکستان دوبارہ عالمی چیمپئن بن جائےگا۔ منصوبہ تیار ہے، پی ایچ ایف کو بھی اس سے آگاہ کردیا ہے، کامن ویلتھ گیمز سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع ملا، کچھ غلطیاں بھی سامنے آئی ہیں، اب نظریں اگلے سال چین میں ایشیا کپ پر ہے، یہ ایونٹ ٹاپ ٹو میں آنے کی صورت میں ہمیں پیرس اولمپکس گیمز کا ٹکٹ بھی دلا سکتا ہے، ایشا کپ سے پہلے ایک سال ہے تیاری کے لئے جس میں کوشش ہوگی کہ ٹیم کو بڑے میچوں کا تجربہ بھی ملے، ایشیا کپ کا فائنل میرا پہلا ہدف ہے، مجھے ٹیم کیلئے مستقل فزیکل ٹرینر اور گول کیپنگ کوچ درکار ہے۔ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول مزید بہتر بنانا ہوگا، ہمارے پاس پہلے ہی آسٹریلیا سے ایک ٹرینر ہے لیکن اسے کیسے کام کرنا ہے، یہ ایک مشکل مرحلہ ہے کیونکہ پیسے نہیں ہیں۔ میرے پاس سنگل انٹری ویزا ہے، اس لیے واپس جانا پڑتا ہے جس سے میرے پلان کو نقصان ہورہا ہے، ورک ویزا مل جائے تو یہاں گھر میں رہ سکوں گا، فیملی رکھ سکوں گا۔ میں کوچز کو بھی تعلیم دینا چاہتا ہوں۔ میں ایک کوچنگ ڈھانچہ بنانا چاہتا ہوں، میں قومی ٹیم کو ترقی دینا چاہتا ہوں، پاکستان ہاکی لیگ اچھا منصوبہ ہے، کھلاڑیوں کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ اس مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے، کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ساتویں نمبر پر آنے پرخوش ہوں۔ ہم صحیح سمت میں ہیں ۔ پاکستان ٹاپ ٹیموں کے خلاف بہت سے میچ کھیلے جس سے کھلاڑیوں کے کھیل پر بہت زیادہ فرق پیدا ہوگا۔