• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک امریکا باہمی تجارت کا حجم 9؍ ارب ڈالر ہوگیا، امریکی سفیر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ 2021ء میں پاک امریکا باہمی تجارت کا حجم بڑھ کر تقریباً 9؍ ارب ڈالر ہوگیا ، امریکا کو پاکستان کیلئے سب سے بڑی برآمدی مارکیٹ اور بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت بڑے ذریعے کی حیثیت حاصل ہے، گزشتہ برسوں میں امریکا کی براہ راست سرمایہ کاری میں 50؍ فیصد اضافہ ہوا ، امریکی کمپنیز اور ان کے مقامی شراکت دار پاکستان میں سب سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع مہیا کرنے والوں میں شامل ہیں۔ امریکی قونصلیٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے 10سے 12 اگست تک کراچی کا دورہ کیا جس کا مقصد امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اشتراک اور باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ امریکی سفیر نے وفاقی وزیر برائے بحری امور، سندھ اور بلوچستان کے وزرا اعلی، ایڈمنسٹریٹرکراچی اور کمانڈر پاک بحریہ پاکستان فلیٹ (کامپاک ، پاکستانی حکام، تجارتی نمائندگان، کاروباری و توانائی صنعتوں کے سربراہان اور دیگر کاروباری و تجارتی نمائندگان سے ملاقاتیں کیں ۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہونے کیساتھ توانائی کی بے پناہ صلاحیتوں سے بھرپور شہر ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے پورٹ قاسم کا دورہ کیا اور وفاقی وزیر برائے بحری امور فیصل سبزواری سے ملاقات کی جس میں امریکی سفیر نے ان اقدامات پر دلچسپی کا اظہار کیا، جن کی مدد سے امریکی بندرگاہوں اور بحری اداروں کیساتھ رابطہ کاری مزید بہتر بنانے کیلئے دونوں ممالک کام کر سکیں۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقاتوں میں امریکی سفیر نے سیاسی، معاشی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات میں امریکی سفیر نے نئی مالی امداد کی مد میں 10لاکھ ڈالرز جاری کرنے کااعلان کیا۔ امریکی سفیر نے وائس ایڈمرل کامپاک اویس بلگرامی سے بھی ملاقات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری بحالی و امدادی آپریشنز پر بات چیت کی۔ ڈونلڈ بلوم نے کارگل پاکستان کے سی ای او عمران نصر اللہ سے ملاقات کی ، انہوں نے پورٹ قاسم پر قائم ایکسیلریٹ کے فلوٹنگ اسٹوریج اور ری گیسیفکیشن یونٹ کا دوہ کیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے زور دیا کہ ایل این جی سے متعلق اینگرو اور ایکسیلریٹ کی مشترکہ کاوشوں میں کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ امریکی سفیر کی جانب سے پاکستانی و امریکی تجارتی لیڈران سے ملاقاتوں میں خدمات، مصنوعات اور پروگرامز کے ذریعے پاکستان میں امریکی تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت دینے کیلئے عزم کا اظہار کیا گیا۔امریکی حکومت پاکستان اورامریکا کے درمیان تعلقات مزید مضبوط کرنے کیلئے پرعزم ہے، تا کہ دونوں ممالک کی اقوام کے مستحکم، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔ 2021ء میں باہمی تجارت کا حجم بڑھ کر تقریباً 9؍ ارب ڈالر ہوگیا ۔امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ کراچی کے نمایاں پہلووں میں لیاقت میموریل لائبریری میں لنکن کارنر کا دورہ شامل ہے، جہاں انہوں نے سندھ کے وزیر برائے تعلیم و سیاحت سید سردار علی شاہ کیساتھ اسٹارٹ اپ لیب کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا تھا کہ یہ اسٹارٹ اپ لیب پاکستان میں اپنی نوعیت کی ایک ایسی منفرد اور پرسکون جگہ ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے سندھ ایکسپلوریشن وایڈوینچرسوسائٹی (سیز) کے نمائندگان ڈاکٹرعاصمہ ابراہیم اور ڈاکٹر کلیم اللہ لاشاری کے ہمراہ فریئر حال کراچی کا دورہ کرتے ہوئے شاہکار فن تعمیر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مزار قائد کا بھی دورہ کیا اور آزادی کے 75؍ سال مکمل ہونے پر بانی پاکستان محمد علی جناح کی مزار پر پھول رکھے اور خراج عقیدت پیش کیا۔

اہم خبریں سے مزید