• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن لینڈ کی وزیراعظم کی ویڈیو لیک، اپوزیشن کا ڈرگ ٹیسٹ کا مطالبہ

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اسلام آباد، کراچی (محمد صالح ظافر، نیوز ڈیسک ) فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین کی ایک ویڈیو لیک ہونے کے بعد انہیں اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس ویڈیو میں انہیں فن لینڈ کی بعض معروف شخصیات کے ساتھ ڈانس اور گانے گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔اپوزیشن نے اُن کا ڈرگ ٹیسٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 36 سالہ سنا مرین نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وہ منشیات کے زیر اثر تھیں اور اُن کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف شراب پی تھی اور وہ پارٹی کر رہی تھیں۔

 جمعرات کو اس ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ وہ جانتی تھیں کہ ویڈیو بن رہی ہے لیکن انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ یہ پبلک میں لیک کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھا ’میں نے ڈانس کیا، گایا اور پارٹی کی، یہ سب قانونی چیزیں ہیں۔ 

میں کبھی بھی کسی ایسی صورتحال میں نہیں پائی گئی جہاں میں نے دوسروں کو منشیات استعمال کرتے دیکھا ہو۔‘اپوزیشن پارٹی کی لیڈر رِیکا پُرا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر ’شک کا سایہ‘ منڈلا رہا ہے اور یہ کہ انھیں خود ہی ڈرگ ٹیسٹ کروا لینا چاہیے۔

دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سیاستدانوں نے وزیراعظم اور میڈیا دونوں کو اس پارٹی سے متعلق بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اس سے زیادہ ضروری مقامی مسائل ہیں۔

وزیراعظم نے صحافیوں سے کہا کہ ’میری ایک فیملی لائف ہے، ایک ورک لائف ہے اور فارغ اوقات میں دوستوں کے ساتھ گزارتی ہوں۔ ویسے ہی جیسے میری عمر کے بہت سے لوگ کرتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ان کو نہیں لگتا کہ انھیں اپنا رویہ بدلنے کی ضرورت ہے۔ ’میں وہی رہوں گی جو میں آج تک ہوں اور امید کرتی ہوں کہ اسے قبول کیا جائے گا۔‘

فِن لینڈ میں اس ویڈیو کو مفاد عامہ کا مسئلہ بتا کر بڑے پیمانے پر دکھایا گیا ہے۔سنا میرین دسمبر 2019 سے حکومت میں ہیں اور انھیں اپنی جماعت کی حمایت حاصل ہے۔

اہم خبریں سے مزید