کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن سے مایوس ٹیسٹ اوپنر شان مسعود نے اپنی توجہ انگلش کرکٹ پر مر کوز کرلی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ سال وہ یارک شائر کے لئے کھیلیں گے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق وہ ڈربی شائر کے ساتھ معاہدے میں توسیع نہیں چاہتے۔ رواں کاؤنٹی سیزن کے اختتام پر اسے خیرباد کہہ دیں گے۔ شان مسعود نے اس سیزن میں ڈاربی شائر کائونٹی کے لئے رنز کے ڈھیر لگادیئے تھے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر پرکشش معاوضے پر ان کے معاہدے میں توسیع چاہتے تھے لیکن شان نے معذرت کرلی اور مکی آرتھر سمیت تمام کوچنگ اسٹاف کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شان مسعود کو یارک شائر کی کپتانی کی پیشکش بھی ہوسکتی ہے۔ شان مسعود کونیدرلینڈ کی سیریز میں پاکستانی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔