ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، وہاڑی اور لودھراں میں معیاری خوراک کی فراہمی کیلیے کارروائیاں، خوراک میں ملاوٹ، صفائی کے ناقص انتظامات پر سنیک یونٹس، بیکریز، سپر سٹورز اور ملک شاپس سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد۔ 10 کلو غیر معیاری اجزاء کو تلف کر دیا۔ تفصیلات کیمطابق ملتان کے علاقے سورج کند روڈ پر فوڈ پروڈکشن یونٹ کو پروڈکشن ایریا میں چھپکلیاں پائے جانے، آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے اور خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر 40 ہزار، گلگشت کالونی میں سپر سٹور کو ایکسپائرڈ اشیاء فروخت کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح وہاڑی اور بوریوالا میں 3 بیکریوں کو خوراک کی تیاری میں کھلے رنگ، ممنوعہ اجزاء کی ملاوٹ، مٹھائی میں مردہ مکھیاں پائے جانے، ورکرز کے میڈیکلز نہ ہونے، واشنگ ایریا میں بدبو اور گندا پانی جمع ہونے اور حشرات کی بھرمار پر 38 ہزار روپے کے جرمانے کردیے گئے۔ مزید لودھراں میں ملک شاپ کو ملاوٹی دودھ فروخت کرنے، ملک چلرز کے اوپر مکھیوں کی بہتات ہونے پر 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔