کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستانی خواتین ٹیم کی خراب کارکردگی میں بہتری کے فارمولے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اب ٹیم کیلئے نئے ہیڈ کوچ کی تلاش ہے۔ پاکستان کے آسٹریلوی کوچ ڈیوڈ ہیمپ نے نجی مصروفیات کے سبب مزید کام کرنے سے معذرت کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ ہیمپ کا دو سالہ معاہدہ 30ستمبر کو ختم ہورہا ہے۔ پی سی بی نے انہیں نئے معاہدے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے انکارکرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن واپس جاکر اہل خانہ کے ساتھ وقت گذارنا چاہتے ہیں۔ ایشیا کپ میں پاکستان کو نئے کوچ کا تقرر کرنا ہوگا۔ دوسری جانب کپتان بسمعہ معروف کو تبدیل کرنے پر غور ہورہا ہے۔کامن ویلتھ گیمز میں تینوں میچ ہارنے والی ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ویمن ایشیاء ٹی ٹوئنٹی کپ میں قیادت کےلیے آل راؤنڈر ندا ڈار مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلسل کرکٹ کی وجہ سے بسمعہ اپنی بیٹی کو وقت نہیں دے سکیں گی اور اسی لیے کرکٹ پر توجہ مرکوز نہیں رکھ سکیں گی پھر ان کی انفرادی کارکردگی بھی زیادہ اچھی نہیں ہے۔ ایشیاکپ سے قبل ہیڈ کوچ کے بغیر ٹیم کے انتخاب کیلئے ٹرائلمیچز کروائیں جائیں گے۔ خواتین ایشیاء کپ یکم سے 16اکتوبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم 28 ستمبر کو روانہ ہو گی۔ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش، پاکستان، بھارت، سری لنکا، تھائی لینڈ، ملائیشیا اور متحدہ عرب امارات کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔