کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہانگ کانگ نے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوالی فائنگ راونڈ میں تینوں میچ جیت کر مین راونڈ میں جگہ بنالی ۔ مسقط میں آخری میچ میں ہانگ کانگ نے عرب امارات کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ مین راونڈ میں اس کا مقابلہ پاکستان اور بھارت سے ہوگا۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 2 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گا۔ متحدہ عرب امارات کو کویت نے بھی شکست دی تھی۔ ہانگ کانگ نے 148 رنز کا ہدف ایک اوور قبل حاصل کیا، یاسم مرتضیٰ 58، نزاکت 39، بابر 38 بنا کر نمایاں رہے۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم پہلے کھیل کر 147 رنز پر آؤٹ ہوئی، کپتان رضوان 49 اورز اور فرید 41 رنز بنا سکے، احسان خان نے 4، آیوش شکلا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہانگ کانگ کی ٹیم اب ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ شامل ہو گئی ہے۔ گروپ بی میں بنگلادیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں ہیں۔