کراچی (نیوز ڈیسک) چین کے جنوب مغربی خطے کے تقریباً سات شہر اس وقت شدید بارشوں کی زد میں ہیں جن میں چینگ ڈوُ، گوانگ یوآن اور گارزے تبت کا خود مختار علاقہ شامل ہیں، حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی شاندار مدد کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور صرف ایک رات میں 47؍ ہزار کے قریب متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ان علاقوں میں کوئی سانحہ پیش نہیں آیا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سب سے زیادہ بارش چینگ ڈوُ میں شی لنگ کے سیاحتی ریسورٹ میں ہوئی جو 165.1؍ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مغربی سیچوان کے طاس میں سب سے زیادہ یعنی ایک سو سے دو سو ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے سیچوان کو خشک سالی کا سامنا تھا اور ریجن کی مٹی نمی ختم ہونے کی وجہ سے سخت ہو چکی تھی لہٰذا قلیل یا طویل المدت بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں۔