• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کردیا، پنجاب کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان

لاہور( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقدہوا،پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے دینے کا اعلان کیا۔

پرویز الٰہی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کیلئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میرا ہیلی کاپٹر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف دینے کے لئے استعمال کیا جائے۔

کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

وزیراعلی نے کہاکہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی۔

اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔

 پرویز الٰہی نے ریلیف کی سرگرمیو ں کو منظم انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی او رکہاکہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ،فوڈ ہیمپرز اوردیگرضروری سامان مہیا کیاجائیگا۔