اسلام آباد، واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے 10کروڑ یوآن (3ارب 21کروڑ روپے)، کینیڈا نے 5ملین ڈالر(ایک ارب 11 کروڑ روپے)، آسٹریلیا 2ملین ڈالر (44کروڑ روپے) دینے کا اعلان کیا ہے.
امریکا مزید تین کروڑ ڈالرز (6؍ ارب 66؍ کروڑ روپے) امداد دیگا، جبکہ پاکستان کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 100 ٹن امدادی سامان مہیا کریگا، جبکہ جرمنی اور بنگلہ دیش نے بھی خوراک اور دیگر امدادی سامان بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
اہم ملاقات میں چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کی جانب سے متاثرین کو دی جانے والی امداد سے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشکل کی اس گھڑی میں چین کی حکومت سیلاب متاثرین کیلئے 10 کروڑ یوآن امداد دے گی، جبکہ پچیس ہزار خیموں اور دیگر امدادی اشیا بھی عطیہ کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ چین کی فضائیہ تین سو خیموں کی پہلی کھیپ 30 اور 31 اگست کو کراچی پہنچائے گی۔ امداد کے اعلان کے ساتھ ہی انہوں نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
چین کی قیادت کی جانب سے دیئے گئے پیغام میں پاکستان میں سیلاب سے جانی اور مالی نقصان پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے افسوس اور بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ چینی سفیر کے ساتھ ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے چینی صدر اور وزیر اعظم کا تہِ دل سے شکریہ بھی ادا کیا۔ دوسری جانب پاکستانی ہائی کمیشن کینیڈا میں پاکستان کے سفیر ظہیر جنجوعہ نے سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے کمیونٹی سے ملاقاتیں کی ہیں، جبکہ کینیڈا کی حکومت نے پانچ ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے ۔علاوہ ازیں پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب کے باعث تباہی کے بعد امریکا نے مزید تین کروڑ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا۔
علاوہ ازیںبین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے، ریلیف اور ریسکیو کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات، پانی اور دیگر اشیاء کی فوری ضرورت ہے
حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، سیلاب اور معیشت کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عمران خان کو پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ آیئے مشکل صورتحال سے نکالنے کے لئے مل بیٹھیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے گھر اور کھڑی فصلیں بہہ گئی ہیں، 3500 کلومیٹر سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے، حکومت ریلیف اور ریسکیو کیلئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور اقدامات کر رہی ہے.
متاثرین کی مدد کیلئے جمع شدہ رقم کی پائی پائی شفافیت سے خرچ ہو گی، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک اقدامات جاری رکھیں گے۔