• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کے ایم یوکا پشاور کا سیلاب متاثرین کیلئے میڈیکل کیمپ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاورکے زیراہتمام نوشہرہ، چارسدہ اور پشاور کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے تین روزہ میڈیکل کیمپ لگایاگیاجس میں مجموعی طور پر 1500 کے قریب متاثرہ افراد، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی، کاچیک اپ کیاگیا اور انہیں ضروری ادویات فراہم کی گئیں۔ ضلع چارسدہ کے دیہات حمید میاں ڈھیری،جلو کاکاخیلو ڈھیری اور باباصاحب کلے کے علاوہ ضلع پشاور کے دیہات میاں گجر،لنڈی داؤدزئی،جالابیلہ اور ڈوگر کلے اور ضلع نوشہرہ کے گائوں بانڈہ نبی میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ضیاء الحق کی خصوصی ہدایت پر تین روزہ میڈیکل ریلیف کیمپس لگائے گئے۔ کیمپ کے ایم یو انسٹی ٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عنایت شاہ ، انسٹی ٹیوٹ آف پیرامیڈیکل سائنسز پشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد جسیم خان اور ڈائریکٹر کولٹی انہانسمنٹ سیل آسیہ بخاری کی زیرنگرانی لگائے گئے کیمپوں میں مسلسل تین روز تک مختلف ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے فرائض انجام دیئے۔کیمپ میں پہلے دن 600،دوسرے دن 500 اور تیسرے دن 400 مریضوں کا معائنہ کیاگیا۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ضیاء الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کے ایم یو نے اس سے پہلے بھی مختلف مواقع پر ضرورت پڑنے پر صوبے کے دوردراز علاقوں میں ریلیف کیمپ قائم کر کے متاثرہ افراد کی مدد کافریضہ انجام دیا ہے حالیہ مصیبت کی گھڑی میں بھی کے ایم یو کے طلباء وطالبات،فیکلٹی اور ایڈمن سٹاف متاثرہ افراد کے شانہ بشانہ کھڑ ے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چارسدہ اور پشاور کے علاوہ ضرورت پڑنے پر کے ایم یو دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی میڈیکل کیمپ لگائے گی جس کے لئے ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات قوموں کاامتحان ہوتی ہیں پاکستانی قوم اس آزمائش کا اسی طرح مقابلہ کرے گی جس طرح اس نے 2005کے تباہ کن زلزلے اور2010کے سیلاب کاکیاتھا پوری قوم متحد ہوکر اس آزمائش سے سرخرو ہوکر نکلے گی۔
پشاور سے مزید