• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، امریکی فوجی انخلا کو ایک برس مکمل، طالبان کا جشن

کراچی (نیوز ڈیسک) افغانستان سے امریکی قیادت میں غیر ملکی افواج کے انخلا کا ایک سال مکمل ہونے پر طالبان کا جشن ، دارالحکومت کابل کو رنگ برنگی لائٹوں سے روشن کردیا گیا ، ملک بھر میں عام تعطیل رہی ،کابل میں امریکا، سوویت یونین اور برطانیہ سمیت 3سلطنتوں کے خلاف فتوحات کا جشن منانے کے بینرز آویزاں کئے گئے،دوسری جانب افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کو ایک سال مکمل ہونے پر طالبان نے بگرام ائیربیس پر ملٹری پریڈ منعقد کی۔ طالبان حکومت نے امریکی فوج کے انخلا کو ایک سال مکمل ہونے پر آزادی کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔افغانستان کے بگرام ائیربیس پر ملٹری پریڈ ہوئی جس میں افغان وزیراعظم و کابینہ اور غیرملکی سفارتکاروں نے شرکت کی۔ملٹری پریڈ میں جنگی ہیلی کاپٹروں، فوجی بکتر بند گاڑیوں اور دیگر سازو سامان کی نمائش کی گئی۔اس موقع پر خطاب میں افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند کاکہنا تھا کہ پچھلی حکومت ختم ہونے کے بعد امارت اسلامی کو بنیادی سہولیات میسر نہیں تھیں، اس کے باوجود امارت اسلامی نے بم دھماکوں، قتل و غارت گری ختم کر کے قومی سلامتی کو یقینی بنایا۔ان کا کہنا تھاکہ غیر ملکی افغانستان سے جاتے ہوئے سب کچھ اپنے ساتھ لے گئے اور پابندیاں لگا دیں جس سے افغانستان میں غربت بڑھی۔منگل کی شب کابل میں آسمان آتش بازی سے جگما اٹھا اور طالبان جنگجوؤں کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جس کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔سرکاری عمارتوں اور اسٹریٹ لائٹس پر طالبان کےسیکڑوں سفید پرچم لگائے گئے ہیں۔دارالحکومت کابل میں سابق امریکی سفارت خانے کے قریب مسعود اسکوائر پر طالبان سفید پرچم اٹھائے دکھائی دیے جب کہ وہ شہر بھر میں گاڑیوں کے ہارن بجاتے ہوئے گشت کرتے رہے۔گزشتہ سال 31 اگست کو امریکی فوج کا افغانستان سے انخلا مکمل ہوا تھا اور امریکی فوج 2 دہائیوں بعد واپس روانہ ہوئی تھی۔

دنیا بھر سے سے مزید