سکھر (بیورورپورٹ ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ 20سے زائد مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان نےسندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فصائی دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ ترکمانستان، بحرین، سعودی عرب، آذر بائیجان، جرمنی اسپین امریکا، چین، فرانس، جاپان، اٹلی، جنوبی کوریا، قطر اور ترکیہ کے علاوہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے، سکھر ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر سید خورشید شاہ اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر برائے منصوبہ بندی اور سفارت کاروں کا استقبال کیا سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو سکھر ائیرپورٹ پر سیلاب سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے بریفنگ دی،اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور عالمی اداروں کے نمائندگان کو پاکستان میں ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔