• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کا دورہ گلگت بلتستان، سیلاب متاثرین کیلئے 3 ارب روپے کا اعلان

غذر،گاہکوچ (اے پی پی) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے دورہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 3ارب روپے دینے کا اعلان کیا،سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی خاندان دیئے جائینگے.

بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے صوبائی حکومتوں کیساتھ ملکر کام کرینگے، متاثرین کو امداد کی شفاف تقسیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے چاہے اس کیلئے حکومت کی قربانی دینا پڑے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گلگت بلتستان کے دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے غذر کے علاقہ بوبر گاؤں کی بحالی کیلئے 10 کروڑ روپے جبکہ پانچ کلومیٹر سٹرک کی تعمیر کیلئے گرانٹ کی فراہمی کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کو سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے جمعہ کو گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر الزمان کائرہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی /سٹرٹیجک کمیونی کشن فہد حسین بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم کوحکومت گلگت بلتستان اور ضلعی انتظامیہ غذر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔

اہم خبریں سے مزید