راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)پاک افغان کرکٹ میچ کے دوران بنگش کالونی میں ہوٹل انتظامیہ اور شائقین میں تناؤبڑھنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی۔تھانہ پیرودھائی کے علاقہ بنگش کالونی میں واقع کوئٹہ گلستان ہوٹل میں بھی میچ کے اختتامی لمحات میں شدیدتناؤ کی کیفیت بن گئی ،جس پر15پرکسی شہری نے کال کرکے پولیس طلب کرلی ،جس میں کہاگیاکہ میچ ہارنے پربعض افغانی توڑ پھوڑ کررہے ہیں اس پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں ، ایس ایچ اوتھانہ پیرودھائی نفری سمیت موقع پرپہنچ گئے ،پولیس کے مطابق ہوٹل کامالک ہدایت اللہ چمن بلوچستان کارہنے والاہے جس نے اپنے ہوٹل پرمیچ دکھانے کے لئے بڑی ایل سی ڈی لگائی ہوئی تھی ۔میچ کےدوران ہوٹل کاایک ملازم الماس نامی لڑکا پاکستانی پرچم لہراتارہا جس کاکچھ حصہ تیل والی کڑاہی میں لگنے سے خراب ہوگیا ،جب میچ ختم ہونے میں دواوورباقی تھے توہوٹل کے مالک رش بہت زیادہ ہونے پر ٹی وی آف کردیا اس پرمیچ دیکھنے والوں میں سے کچھ نوجوان مشتعل ہوگئے اورانہوں نے الزام لگایاکہ ہوٹل افغانیوں کاہے اس لئے میچ بندکردیاگیا ہے،اس دوران نعرے بازی شروع ہوگئی اوروہاں جھگڑا ہوگیا ،اسی اثنامیں کال موصول ہونے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی اورہوٹل کوبندکراکے عوام کومنتشرکرادیاگیا ،پولیس ہوٹل کے مالک اوروہاں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ڈی وی آرتھانہ میں لے گئی جہاں پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہواکہ ہوٹل کامالک افغانی نہیں بلکہ پاکستانی ہے جس نے پولیس کوروتے ہوئے ساراواقعہ بتایا اس دوران سی سی ٹی وی کی فوٹیج بھی چیک کی گئی اورپولیس نے تسلی کرنے پر اسے جانے کی اجازت دے دی ۔