پشاور(نامہ نگار) سیکرٹری آر ٹی اے پشاور ڈائیو بس سروس کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے نئی بسیں شروع کرنے کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے کمپنی کا لائسنس دوبارہ بحال کردیا ہے، جس کے بعد ڈائیو بس کمپنی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لئےدوبارہ سروس شروع کردی ہے، واضح رہے گزشتہ دنوں عوامی شکایت پر ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے پرانی بسیں چلانے پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی ہدایات پر سیکرٹری آر ٹی اے اکبر افتخار نے کارروائی کرتے ہوئے ڈائیو بس اڈہ سیل کردیا تھا اور ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے سروس معطل کردی تھی جس کے بعد اڈہ انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے زیرو میٹر بسیں سروس میں شامل کردیں اس مقصد کے لئے کمشنر پشاور کی ہدایات پر سیکرٹری آر ٹی اے نے باقاعدہ اڈے کا دورہ کرکے مسافروں سے معلومات حاصل کیں، مسافروں کی جانب سے اطمینان کے اظہار کے بعد سیکرٹری آر ٹی اے نے ڈیرہ اسماعیل خان کے لئے لائسنس دوبارہ بحال کردیا اور سروس دوبارہ شروع کردی گئی۔