لاہور( این این آئی)احتساب عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس نیب کو بھجوانے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے دونوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کی روشنی میں رمضان شوگر ملز ریفرنس نیب کو واپس بھجوایا گیا۔نیب ریفرنس متعلقہ فورم پر دائر کرے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز متعلقہ فورم پر پیش ہوں، نیب ترمیمی ایکٹ 2022 کے تحت احتساب عدالت کے پاس مزید ٹرائل کا اختیار نہیں، عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پانچ ،پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں۔