• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمل ولی نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

پشاور(نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان نے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قراردینے اور الیکشن اپنے وقت پر کرانے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی ہے،این اے 24 چارسدہ کے امیدوار ا یمل ولی خان نے رٹ پٹیشن میں موقف اختیا ر کیا کہ 8 ستمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹیفیکیشن جاری کرکے 13حلقوں میں ضمنی انتخا بات ملتوی کردیے جو غیرقانونی ہے ،آئین کی رو سے 60روز کے اندر اندر خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کرانے ہوں گے ۔ اے این پی کے صدر نےمزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کیلئے سیلاب کو وجہ قراردیا ہے ، چارسدہ سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع تھا جہاں زندگی معمول پر آچکی ہے اورمتاثرہ افراد بھی گھروں کو واپس جاچکے ہیں جبکہ سکولز،کالجزاوردفاتر بھی کھول دیئے گئے ہیں۔ اسی طرح دہشت گردی کوبھی ایک جواز پیش کیا گیاہے حالانکہ 2013اور2018کے انتخابات کے دوران حالات زیادہ خراب تھے لیکن اس کے باوجود ملک بھر میں عام انتخابات کرائے گئے جبکہ یہ صرف مخصوص نشستوں پر انتخابات ہونے ہیں جس کیلئے پولیس اہلکار ہی کافی ہیں، امن وامان کی صورتحال پہلے کی طرح خراب نہیں ، انتخابات کس قانون کے تحت ملتوی کئے گئے الیکشن کمیشن نے اس کی وضاحت نہیں کی ۔رٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 25ستمبر کو پولنگ کرانے کے احکامات جاری کرنے اورکیس کا حتمی فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ رٹ میں چیف الیکشن کمشنر ،صوبائی الیکشن کمیشن اور ریجنل الیکشن کمشنرچارسدہ کو بھی فریق بنایاگیا ہے۔
پشاور سے مزید