• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالام، سیلاب آنے کی اہم وجہ بڑی تعداد میں جنگلات کی کٹائی ہے، متاثرین

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے’’کیپٹل ٹاک ‘‘کا خصوصی پروگرام کالام سے نشر کیا گیا جہاں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ویلج کونسل کالام نصیر اللہ نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے کالام میں نیو ہنی مون ہوٹل سمیت دو ہوٹلز مکمل طور پر تباہ ہوئے، دریائے سوات میں سیلاب سے دیگر علاقوں کی نسبت کالام میں نقصان کم ہوا ہے،اس علاقے میں سیلاب آنے کی اہم وجہ بڑی تعداد میں جنگلات کی کٹائی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے کوئی نمائندہ یہاں نہیں آیا، علاقے میں بحالی کا کام کرنے والے ایف ڈبلیو او کے کرنل مصطفیٰ نے بتایا کہ سیلاب سے تباہ شدہ سڑکوں کو بحال کررہے ہیں، کالام کے آس پاس سات کلومیٹر کی سڑکیں بالکل ختم ہوگئی ہیں، کالام اور دیگر علاقوں میں جنگلات کی کٹائی کی وجہ سے سیلاب میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔کمانڈر492ایف ڈبلیو او بریگیڈیئر فاروق نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج سڑکوں پر ون وے ٹریفک بحال کرنے کے بعد سڑک کو چوڑا کر کے ڈبل وے ٹریفک کا راستہ بنانا ہے۔ بریگیڈیئر ساجد نے بتایا نے کہاکہ کالام اور کمراٹ میں دو ہفتے پہلے آنے والے سیلاب میں بڑے چیلنجز کا سامنا رہا، سیلاب کی وجہ سے بحرین، کالام اور کمراٹ تک رو ڈ انفرااسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، کالام اور کمراٹ میں پھنسے ہوئے سیاحوں کے علاوہ مقامی لوگوں کو بھی امدادی سامان پہنچایا۔

اہم خبریں سے مزید