لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی لڑائی کی وجہ سے عام آدمی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ تینوں بڑی جماعتوں کا منشور دراصل آئی ایم ایف کا ہر حکم قبول کرنا اور دل و جان سے اس پر عمل درآمد کرنا ہے۔ حکمران جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ حکومت فوری طور پر اللّٰہ سے جنگ بند کر کے استغفار کرتے ہوئے سودی نظام کے خاتمے کی جانب پہلا قدم اٹھائے۔ ملک میں آفتیں اور مصیبتیں اللّٰہ تعالیٰ کے نظام سے دوری کی وجہ سے ہیں۔ سیلاب بہت بڑی آزمائش پوری قوم کو اللّٰہ کی طرف رجوع کرنا ہو گا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں کا اب تک سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لیے عملی قدم نہ اٹھانا لمحہ فکریہ ہے۔ سیلاب سے متاثرہ آخری فرد کی بحالی تک امداد سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بھر میں ہونے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔