کوہاٹ(نمائندہ جنگ)کوہاٹ میں پولیس اسٹیشن بلی ٹنگ پر دستی بم حملے میں ایس ایچ او اور چار دیگر پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے. واقعہ عشاء کے وقت پیش آیا جس میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور پولیس نے واقعے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی ہے. پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ پنڈی روڈ پر واقع تھانہ بلی ٹنگ پر عشاء کے وقت نامعلوم دہشت گردوں نے دستی بم پھینکا جو تھانےکی صحن میں دھماکے سے پھٹ گیا دستی بم کے اس حملے کےنتیجے میں پولیس سٹیشن میں موجود سٹیشن ہاؤس آفیسر عبد الرؤف، کانسٹیبل مظفر حسین، کانسٹیبل مطیع اللہ، کانسٹیبل عتیق، کانسٹیبل اُسامہ اور تھانے میں کسی کام کی غرض سے آئے ہوئے دو مقامی افراد عارف اور سہیل خان زخمی ہوگئے. واقعے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کیلئے سول ہسپتال بلی ٹنگ اور کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔