• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی میں شہدائے کربلاچہلم کا مرکزی جلوس تیلی محلہ سے برآمد

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی، خصوصی نمائندہ) ملک بھرکی طرح راولپنڈی میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایاگیا ۔اس موقع پر نواسہ رسول ؑ حضرت امام حسین اور اُن کے 72جانثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے علم ،ذوالجناح اور تعزیئے کے جلوس نکالے گئے جس میں عزاداران نے زنجیر زنی ، ماتم داری اور نوحہ خوانی کی ۔ یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے برآمد ہوابعد، ازاں امام بارگاہ حفاظت علی شاہ بوہڑ بازار اور امام بارگاہ کرنل مقبول حسین کالج روڈ سمیت شہر بھر سے مختلف جلوس برآمد ہونے والے جلوس مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے ۔ اس موقع پر بوہڑ بازار چوک،حبیب بنک چوک اور ٹرنک بازار چوک میں زنجیر زنی کی گئی ۔ مرکزی جلوس جامع مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی میں پہنچ کر اختتام پذیر ہو ا جہاں پر شام غریباں برپا ہوئی ۔قبل ازیں ملت جعفریہ کے مرکزی رہنما سید حسین مقدسی نے جلوس کی قیادت اورتبرکات کی زیارت کے موقع پر کمیٹی چوک میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امام حسین ہدایت کا چراغ اور نجات کی کشتی ہیں۔ حکومت زائرین حسینی کے لئے بھی حج کی طرح انتظامات کرے ۔ زائرین کے لئے ویزہ ،سکیورٹی اور امیگریشن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں عزاداری پر پابندیاں افسوسناک ہیں ۔انہوں نے ملک میں حالیہ سیلاب پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کو امدادکی ترسیل میں امانت و دیانت کا مظاہرہ کیا جائے ۔ دریں اثناء شیعہ علماءکونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحد ی کی سربراہی میں وفد جس میں سید سکندر عباس گیلانی ایڈووکیٹ، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی ،علامہ سید جعفر حسین نقوی و دیگر عہدیدار و کارکن شامل تھے نے مرکزی جلوس میں شرکت کی ۔علامہ عارف حسین واحدی نے کمیٹی چوک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عزاداری اتحاد وحدت کا پیغام دیتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امام حسین محسن انسانیت اور امن بھائی چارہ ،سلامتی اور اتحاد اُمت کا محور ہیں۔
اسلام آباد سے مزید