چارسدہ(نمائندہ جنگ)سیلابی آفت کے دوران تحریک انصاف کے صوبائی حکومت سے نالاں ، مایوس اور امداد سے محروم سیکڑوں سیلاب زدگان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے دورہ چارسدہ کے موقع پر فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے عمران خان اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے شکوہ کیا کہ مصیبت کے وقت متاثرین سیلاب کو نظر انداز کرنے والے کس منہ سے ووٹ مانگنے کے لئے آئے ہیں ۔دوسری جانب چارسدہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پرتشدد کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا جس پرایمل ولی خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے فوری طو رپر مظاہرین کو رہاکرنے کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمرا ن خان کی آمد کے موقع پر سیلاب سے متاثر ہ مختلف ویلج کونسل ناظمین نے درجنوں سیلاب زدگان کے ہمراہ چارسدہ کے فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔