کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن نے قومی خواتین باسکٹ بال چیمپئن شپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ، پاکستان واپڈا چیمپئن شپ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ چیمپئن شپ کے آرگنائزنگ سیکرٹری اور فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عوج ظہور کے مطابق ایونٹ میں شریک 8ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پول اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا ، کراچی، راولپنڈی اور کوئٹہ جبکہ پول بی میں پاکستان آرمی ،لاہور ،اسلام آباد اور پشاور کی ٹیمیں شامل ہیں ۔ عوج ظہور نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں 3 سے 8اکتوبر تک کھیلی جانیوالی چیمپئن شپ میں روزانہ چار میچز کھیلیں جائینگے ۔