اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کو اگر دھمکی آمیز کالز موصول ہوئی ہیں تو ثبوت سامنے لائیں، ہمت تو نام لیں،یہ ایکس وائی کیا ہوتا ہے؟ عمران خان اداروں پر دبا وڈالتے، ہمیشہ للکار کر اپنا راستہ صاف کرتے ہیں،لوگوں کو کہتے ہیں خوف کا بت توڑدیں، خود کسی کا نام لینے کی جرات نہیں، قدرت کا اصول ہے سچ سامنے ضرور آتا ہے، بہروپئے کی منافقت قوم کے سامنے لانا ضروری ہے۔ منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ قدرت کا اصول ہے کہ سچ چاہے دیر سے ہی صحیح لیکن سامنے ضرور آتا ہے، سچ ایک نہ ایک دن سامنے آتا ہے اور جھوٹ نے مٹنا ہوتا ہے، کیس کے فیصلے کے بعد میں اس پر بات کروں گی، وہ باتیں بھی کروں گی جو میں نے گزشہ 5 سال سے چلنے والے کیس کے دوران ابھی تک نہیں کیں۔عمران خان کے خلاف درج مقدمے میں سے دہشت گردی کی دفعات نکالے جانے سے متعلق سوال پر مریم نواز نے کہا کہ ان پر جو بھی دفعہ لگے، چاہے وہ دہشت گردی کی ہو یا جج کو ڈرانے دھمکانے کی ہو، ان پر جو بھی دفعہ لگائی جائے، وہ ہر دفعہ میں مجرم ثابت ہوتے ہیں، وہ یہ پوری دنیا کے سامنے کرچکے ہیں، اس کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بدمعاش بنے ہوئے ہیں، انہوں نے یہ طریقہ اپنایا ہوا ہے کہ جہاں مشکل آئے، اس کو للکاروں، ڈراؤ، اسکو دھمکاؤ اور اپنا راستہ صاف کرو، اس رویے کی عدالتوں کو حوصلہ شکنی کرنی چاہیے، کیونکہ یہ رویہ ملک اور اس کے اداروں کے لیے اچھا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چکوال میں عمران خان نے جو باتیں کیں ان کا تعلق وہاں ان کے جلسے کے اسٹیج پر بیٹھے لوگوں کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے، میں عمران خان کو نان ایشو سمجھتی ہوں، اس لیے میں ان پر بات نہیں کرنا چاہتی، ہمیں اس کو نظر انداز کرکے پاکستان کے اہم اور حقیقی مسائل پر بات کرنی چاہیے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اس پہروپیے کی منافقت کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔