• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راجو شری واستو کی موت پر کپل شرما کا جذباتی پیغام

بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما نے کہا ہے کہ آج راجو شری واستو بھائی نے پہلی بار رُلا دیا۔

کپل شرما کامیڈین راجو شری واستو کی موت پر جذباتی ہوگئے، انہوں نے انسٹاگرام پر اس حوالے سے پیغام دیا، جس نے مداحوں کے دل پگھلا دیے۔

راجو شری واستو کو 10 اگست کو جم میں ورزش کے دوران دل کا دورہ پڑنے پر اسپتال لے جایا گیا تھا، وہ آج صبح 58 سال کی عمر میں چل بسے۔

کپل شرما نے ساتھی کامیڈین کی موت پر جذبات سے بھرپور پیغام دیا اور کہا کہ آج پہلی بار راجو بھائی نے ہمیں رُلا دیا ہے۔

بھارتی کامیڈین نے پیغام کے ساتھ اپنے شو کے سیٹ پر راجو شری واستو کے ساتھ لی گئی ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں دونوں کو ایک ساتھ بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

اپنے پیغام میں کپل شرما نے مزید کہا کہ راجو بھائی، کاش میں آپ سے آخری بار مل سکتا، آپ بہت یاد آئیں گے۔

اس پوسٹ پر راجو شری واستو کے ایک مداح نے دل ٹوٹنے والے ایموجی کے ساتھ ریسٹ ان پیس لکھا۔

ایک اور مداح نےراجو کے لیے طویل پیغام لکھا اور اُن کی موت کو کامیڈی کے لیے دنیا کے لیے سیاہ ترین دن قرار دیا اور کہا کہ راجو شری واستو نے دہلی کے اے آئی آئی ایم ایس میں آج آخری سانس لی، کوئی بھی اُن کے لیول کی کامیڈی نہیں کرسکتا، انہوں نے کبھی زو معنی لطیفے سنائے اور نہ ہی کسی کے لیے تضحیک آمیز الفاظ کہے، وہ بہترین تھے۔

راجو شری واستو 25 دسمبر 1963 کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور کی مڈل کلاس فیملی میں پیدا ہوئے۔

راجو نے دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج سے قومی اور بین الاقومی شہرت حاصل کی، اُن کا اسٹیج کردار گجودھر بھیا کافی مقبول ہوا تھا۔

انہوں نے میں نے پیار کیا، بازیگر، بمبئی سے گوا، آمدنی اٹھنی خرچا روپیہ جیسی فلموں میں کام کیا، وہ کئی مشہور بھارتی شوز کا بھی حصہ رہے۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید