ملتان( سٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت المسلمین ملتان کے تحت سیالکوٹ میں دوران مجلس فائرنگ واقعہ کے خلاف امام بارگاہ ولی العصر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی جنرل سیکریٹری ناصر عباس شیرازی، عارف حسین الجانی، علامہ نادر حسین علوی، ضلعی قائمقام صدر علامہ ہادی حسین قمی، انجینئر سخاوت علی سیال اور دیگر نے کی۔مظاہرین سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر شیعہ ٹارگٹ کلنگز کا منظم آغاز کیاجا رہا ہے۔اس موقع پر عون رضا انجم ایڈووکیٹ، عاشق حسین، عاصم زیدی، محمد رضا مومن اور دیگر موجود تھے۔ادھر ڈسٹرکٹ بار ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت المسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کاکہنا تھا کہ آئین کی حکمرانی اور قانون کی عملداری بہت ضروری ہے، تحریک انصاف کی حکومت کو چلتا کرنا کسی کا اختیار نہیں تھا۔ باہر کی طاقتوں نے حکومت کو چلتا کیا جو قابل مذمت ہے، وہ کوئٹہ واقعے کے بعد سے سابق حکومت سے کوئی ڈائیلاگ نہیں کررہے تھے لیکن یہ سازشی مہم غلط طور پر چلائی گئی،ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہوں گے واشنگٹن میں نہیں ، ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں ، امریکہ اور برطانیہ کو اہم عہدوں کی تقرری کا حق نہیں ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے سینیئر وکیل ناصر شیرازی ، سیکرٹری لیگل مجلس وحدت المسلمین جنوبی پنجاب سید سمیع گردیزی، سیکرٹری لیگل مجلس وحدت المسلمین ڈسٹرکٹ ملتان شہباز علی گورمانی سمیت دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔