• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی ڈیرہ اسماعیل خان سے بنی گالہ واپسی پر اڈیالہ گاؤں کے قریب ہنگامی لینڈنگ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ڈیرہ اسماعیل خان سے واپسی پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گئی۔ پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو اڈیالہ کے قریب گاؤں ڈھلہ بحفاظت اتار لیا جس کے بعد عمران خان بذریعہ سڑک بنی گالہ روانہ ہو گئے۔ ہفتہ کو عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین میں چیک تقسیم کئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان سے واپسی پر ہیلی کاپٹر میں فنی خرابی پیدا ہو گئی جس پر اسے ہنگامی طور پر اڈیالہ گاوں کے قریب اتار دیا گیا۔ ا س موقع پر عمران خان وہاں جمع ہونیوالے مقامی افراد سے گھل مل گئے اور نوجوانوں اور بچوں سے کرکٹ سے متعلق سوالات بھی کئے۔ نوجوانوں نے قومی کرکٹر رضوان کی بیٹنگ پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ عمران خان نے پوچھا کہ کون سا کرکٹر آپ کو پسند ہے؟ اس پر کسی نے شاہنواز دھانی کا نام لیا۔ عمران خان نے رضوان کے بارے میں پوچھا تو نوجوانوں نے کہا کہ اچھا کرکٹر ہے پر بالیں بہت ضائع کرتا ہے۔ 45 پہ 50 سکور کرتا ہے۔ ایک نوجوان نے کہا کہ وہ ٹیسٹ کیلئے اچھا ہے۔ عمران خان کی جانب سے شاہین آفریدی سے متعلق سوال پر ایک نوجوان نے کہا کہ وہ تو ہمارا پسندیدہ فاسٹ باولر ہے۔ اپنی گفتگو کے دوران عمران خان نے حارث روف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ زبردست باولر ہے جس پر نوجوانوں نے بھی ان کی تائید کی۔ اس موقع پر عمران خان نے ایک نوجوان کی جانب سے علاقے میں درخت کاٹنے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے ضروری اقدامات کرینگے۔ عمران خان نے ایک نوجوان کو بلے پر آٹو گراف بھی دیا۔ قبل ازیں عمران خان نے بچوں کو قریب آنے سے روکنے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آنے دو۔ادھرہیلی کاپٹر لینڈنگ والی جگہ اڈیالہ جیل سے آٹھ کلومیٹر دور تھی۔جس کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کی دورڑیں لگ گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عبداللہ محمود اور اسسٹنٹ کمشنر صدر عبدالرحمن سب سے پہلے موقع پر پہنچے اور عمران خان اور انکے ساتھیوں کا استقبال کیا۔جس کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد عبداللہ محمود اوراے سی صدر عبدالرحمن سکواڈ کرتے ہوئے عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو بنی گالہ لے کر گے۔عمران خان کو گاڑی اڈیالہ لینڈنگ والی جگہ سے ان کے ایک سپوٹر نے فراہم کی۔جس میں عمران خان اور ان کے ساتھی سوار ہوئے جبکہ ان کے سیکورٹی حکام ضلعی افسران کی گاڑیوں میں سوار ہوئے۔تینوں گاڑیاں بنی گاالہ روانہ ہوگئیں۔لینڈنگ والی جگہ پر بچے کرکٹ کھیل رہے تھے۔عمران خان نے روانگی سے قبل ان سے بھی گفتگو کی۔ 
اہم خبریں سے مزید