کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ کی جانب سے سرکاری رہائش گاہوں سے بے دخل کیے جانیوالے سرکاری افسران و ملازمین نے بلاول بھٹو زرداری سے مدد کی اپیل کردی، گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئےہمایوں ہاؤس گارڈن جی آڑ 2،سندھی مسلم سوسائٹی اور شادمان ٹاؤن نارتھ ناظم آباد سے بے دخلی کے نوٹس وصول کرنیوالے سرکاری افسران و ملازمین نے کہاکہ محکمہ سروسز وجنرل ایڈمنسٹریشن کے سیکشن افسر اسٹیٹ کی جانب سے 238سرکاری گھروں سے بے دخلی کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں، ہم مستقل سرکاری ملازم ہیں، ہم میں سے کسی بھی ملازم نے کوئی بھی حکومتی واجبات و مقررہ ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں کی اور نہ ہی کسی دوسری شرائط سے روگردانی کی ہے،یہ معاملہ تب شروع ہوا جب سپریم کورٹ کی جانب سے سرکاری املاک پر غیر متعلقہ افراد کی جانب سے قبضے پر سوموٹو نوٹس لیا گیااور اس کی آڑ میں سندھ حکومت کے محکمہ سروسز و جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے معزز سپریم کورٹ کو گمراہ کیا گیا اور ہماری قانونی طور پر الاٹ کردہ آرڈرزکو ایک متنازعہ پالیسی کے تحت غیر قانونی قرار دیا گیا۔