کراچی (نیو زڈیسک) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر اظہار تشکر کیا ہے۔اے پی این ایس کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل ناز آفرین سہگل لاکھانی نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ اے پی این ایس کی درخواست پر وفاقی حکومت نے سرکاری محکموں کیلئے اخبارات اور جرائد خریدنے پر عائد کردہ پابندی ختم کردی ہے یہ پابندی وفاقی حکومت نے کفایت شعاری کے تحت عائد کی تھی اس پابندی کو ختم کرانے میں وفاقی وزیر اطلاعات کی خصوصی دلچسپی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔اے پی این ایس مریم اورنگزیب کی میڈیا دوست پالیسی اور اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتی ہے ۔ اے پی این ایس کو یقین ہے کہ ان کی سربراہی میں وزارت اطلاعات اخباری صنعت کو درپیش مالی بحران میں مدد دینے کیلئے مثبت کردار ادا کریگی اور خاص طور پر سرکاری اشتہارات اور ان کے حجم میں اضافہ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔