اسلام آباد (این این آئی)وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر اطلاعات نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مملکت کا وزیراعظم نامزد ہونے پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک میں ایم او یوز کو حتمی شکل دینے کیلئے ورکنگ کی جائے گی۔ ملاقات میں میڈیا اور فلم کے شعبوں میں جاری تعاون کو مزید تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے پناہ عزت و احترام ہے۔ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو عملی شکل دینے کیلئے دونوں اطراف پر مشتمل کمیٹی تشکیل قائم کی گئی۔سعودی سفیر نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں سعودی حکومت پاکستان میں متاثرین سیلاب کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گی۔