کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کو خط تحریر کیا ہے اورجے شاہ کے بیان کے بعد ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ایشیا کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کے بیان پر پی کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے اس بیان سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،جے شاہ کی صدارت میں ہونے والےاے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی تھی، ابھی تک اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے، پی سی بی نے اے سی سی سے اس اہم اور حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔پی سی بی نے خط میں براہ راست بھارتی کرکٹ بورڈ کو مخاطب نہیں کیا لیکن پی سی بی نے خاموشی سے اپنا موقف بھارتی بورڈ تک پہنچا دیا ہے۔دوسری جانب ٹوئٹر پر رمیز راجا کی ایک ورچوئل گفتگو کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ان سے صحافی نے بھارت کی جانب سے پاکستان آنے پر انکار سے متعلق سوال کیا گیا۔صحافی نے سوال کیا کہ 2023 کا ایشیا کپ کیا صرف بھارت کی وجہ سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا جائے گا؟صحافی کے سوال پر رمیز راجا نے کہا کہ ایشیا کپ یو اے ای منتقل نہیں کیا جائے گا، آپ ہمت تو پکڑیں، اتنے منفی کیوں ہیں آپ بھائی صاحب ، سب کچھ انڈیا نہیں ہے کچھ ہم بھی ہیں۔بدھ کو پی سی بی ترجمان نے کہا ہے کہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے،سوچےسمجھے بغیر دئیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے اس اعلان کے بعد اگلے سال ایشیا کپ پاکستان میں نہیں نیوٹرل وینیو پر ہوگا اور بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔