کراچی (سید محمد عسکری) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا 54واں علاقائی مرکز آج (جمعہ سے) گوادر میں کام شروع کردے گا جس کا باقاعدہ افتتاح آج وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کریں گے۔ اس ضمن میں یونیورسٹی نے گوادر میں جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے انٹرنیٹ کی سہولتوں سے آراستہ ریجنل سینٹر کی عمارت مکمل کرلی ہے۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم، رجسٹرار راجہ عمر یونس، ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان، ماجد حسین، ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر گوادر کیمپس، سید قمر الدین، ریجنل ڈائریکٹر کوئٹہ، علاقے کے معززین، ماہرین تعلیم اور سماجی شخصیات گوادر پہنچ چکے ہیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چار سال کے قلیل عرصے میں پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی کاوشوں سے ریجنل سینٹرز کی تعداد 43سے بڑھ کر54ہو چکی ہے۔ سندھ کے مورو، مٹھی اور سکھر، بلوچستان کے قلات، خاران اور گوادر، پنجاب میں اٹک، چکوال، جھنگ اور شیخو پورہ کے علاوہ خیبر پختونخوا، شمالی علاقہ جات اور آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں میں بھی کیمپسز اور ماڈل اسٹڈی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔