کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 67 سال بعدتاریخی نیشنل اسٹیڈیم کا نام تبدیل کردیا ۔بورڈ نے اسپانسر شپ ڈیل کے ذریعے ملک کا سب سے پرانے اور مستقل انٹر نیشنل گراؤنڈ کو اب ایک بینک کے نام سے منسوب کردیا ہے۔ پانچ سالہ معاہدے کے تحت نیشنل اسٹیڈیم کراچی اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کہلائے گا۔ اس سلسلے میںمفاہمت کی یادداشت پر پی سی بی چیئرمین رمیز راجا اور بینک کے صدر اور سی ای او رحمت علی حسنی نے دستخظ کئے۔ پی سی بی کے مطابق اسٹیڈیم کا صرف نام تبدیل کیا گیا ہے، کنٹرول ہمارے پاس ہوگا۔ اگلے مرحلے میں قذافی اسٹیڈیم لاہور اور پنڈی اسٹیڈیم کے نام بھی تبدیل کئے جائیں گے۔ یہ گراؤنڈ 21اپریل1955 کو بنا تھا۔ 34 ہزار سے زائد تماشائیوں والا گراؤنڈ گنجائش کے اعتبار سے ملک کا سب سے بڑا اسٹیڈیم بھی ہے۔ فروری1955 کو یہاں پہلا ٹیسٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوا تھا۔ ایم او یو کے مطابق بینک کو اسٹیڈیم کے باہر، سائن بورڈ پر اور کھیل کے میدان سے باہرنام استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم اس کی تزئین و آرائش پی سی بی کرے گا۔