کراچی(سید محمد عسکری)ہائیر ایجوکیشن کمیشن کوئٹہ کا دفتر اب بلوچستان کے اساتذہ اور طلبہ کی آسانی کے لئے آن لائن کردیا گیا ہے۔ اب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حوالے سے کسی بھی معلومات کے لئے دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کوئٹہ کے نئے ڈائریکٹر جنرل سلیمان احمد نے یہ بتایا ہے کہ اب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کوئٹہ کا آفس روزانہ دو گھنٹے کے لئے صبح 9 سے 10 اور ساڑھے دس سے ساڑھے گیارہ بجے آن لائن ہوگا۔ ورچوئل پبلک ڈیلنگ کے نام سے یہ خدمات روزانہ فراہم کی جائے گی۔ پہلی نومبر 2022 سے بلوچستان کے اساتذہ کرام اور طالبعلموں کے لیے یہ سروس شروع کردی گئی ہے۔ بلوچستان کے کسی بھی ضلع سے کوئی بھی شخص مائیکروسافٹ ٹیمز کے ذریعے اپنے گھر میں بیٹھے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی کسی پالیسی یا کسی بھی پروگرام کے متعلق معلومات لے گا۔